ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کسانوں نے ’ایم ایس پی‘ پر حکومت سے مذاکرہ کے لیے 5 ناموں کا کیا اعلان، مطالبہ ماننے کے لیے 2 دن کا الٹی میٹم

کسانوں نے ’ایم ایس پی‘ پر حکومت سے مذاکرہ کے لیے 5 ناموں کا کیا اعلان، مطالبہ ماننے کے لیے 2 دن کا الٹی میٹم

Sat, 04 Dec 2021 21:16:25    S.O. News Service

نئی دہلی،4؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) زرعی قوانین کی واپسی کے بعد ایم ایس پی سمیت کئی دیگر مطالبات کو لے کر چل رہے مظاہرہ کے درمیان آج سنگھو بارڈر پر سنیوکت کسان مورچہ کی ایک اہم میٹنگ ہوئی۔ اس میں کسانوں نے 5 ناموں کا تعین کیا ہے جو ایم ایس پی پر حکومت کی کمیٹی میں کسانوں کی بات رکھیں گے۔ کسان مورچہ کے ذریعہ بنائی گئی کمیٹی میں شیوکمار ککّا، گرنام سنگھ چڈھونی، یدھویر سنگھ، بلبیر سنگھ راجیوال اور اشوک دھولے کے نام شام ہیں۔

اس کے علاوہ سنیوکت کسان مورچہ کی جانب سے مرکزی حکومت کو 2 دن کا الٹی میٹم دیا گیا ہے۔ ان دو دنوں میں حکومت کو ایم ایس پی کمیٹی، کسانوں پر درج کیس واپس لینے، معاوضے اور باقی مطالبات کے بارے میں وضاحت پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ اگر حکومت کی جانب سے دو دن میں کوئی جواب نہیں آتا ہے تو کسان 7 دسبر کو پھر میٹنگ کریں گے تاکہ آگے کا خاکہ تیار کیا جا سکے۔

بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے میٹنگ ختم ہونے کے بعد بتایا کہ ’’آج کی میٹنگ میں ہم نے 5 لوگوں کی کمیٹی بنائی ہے۔ اس کمیٹی میں بلبیر سنگھ راجیوال، شیوکمار ککا، گرنام سنگھ چڈھونی، یدھویر سنگھ، اشوک دھولے شامل ہیں۔ یہ کمیٹی حکومت سے سبھی معاملوں پر بات چیت کرے گی۔ سنیوکت کسان مورچہ کی اگلی میٹنگ 7 دسمبر کو ہوگی۔‘‘

میٹنگ کے بعد کسان لیڈر اشوک دھولے نے بتایا کہ ’’کسانوں کے کئی ایشوز حل ہونا ابھی باقی ہیں، جن میں ایم ایس پی گارنٹی کا قانون، لکھیم پور کھیری معاملے میں مرکزی وزیر کی برخاستگی، تحریک کے دوران مارے گئے کسانوں کے کنبہ کو معاوضہ سمیت کئی مطالبات ہیں۔‘‘

سنگھو بارڈر پر میٹنگ شروع ہونے سے پہلے سنیوکت کسان مورچہ نے مرکزی حکومت کو ان 702 کسانوں کے نام بھیجے ہیں جن کی موت کسان تحریک کے دوران ہوئی ہے۔ سنگھو بارڈر پر میٹنگ کے دوران کسانوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو مہلوک کسانوں کے نام دے دیے ہیں۔ اب حکومت معاوضے کا اعلان کرے۔


Share: